بھٹکل:5؍ ستمبر(ایس اؤ نیوز) یوم ِ اساتذہ کی مناسبت سے 5ستمبر 2022بروزمنگل کمٹہ میں منعقدہ ضلعی سطح کے ایوارڈپروگرام میں بھٹکل تعلقہ سے منتخب پرائمری اور ہائی اسکول اساتذہ کو ایوارڈ سے نوازتے ہوئے شال پوشی کی گئی ۔
اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے پی ای ٹیچر راجے صاحب نپانی کو ضلعی سطح کے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازتے ہوئے مع سند ان کی عزت افزائی کی گئی ۔ اسی طرح ہائر پرائمری اسکول کے زمرے میں بھٹکل تعلقہ کے گڑی منڈکی سرکاری اسکول کے استاد ایشور وینکٹ رمن ہیگڈے اور لوئر پرائمری اسکول کے زمرےمیں تعلقہ کے تودلی اسکول کے ٹیچر مہیش سی تیرن مکی کی شال پوشی کرتےہوئے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایوارڈ یافتہ استاد راجے صاحب نے ساحل آن لائن سے بات کرتےہوئے کہاکہ میں اللہ تعالیٰ کا شکریہ اداکرتاہوں کہ مجھے ضلعی سطح کے ایوارڈ سے نوازاگیا۔ بھٹکل کے انجمن حامئی مسلمین کی سرپرستی میں چلنے والی اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول میں بحیثیت سے پی ای ٹیچر کے کام کرتےہوئے مجھے قریب 20سال ہوگئے۔ صرف ٹیچر کی محنت سے کچھ نہیں ہوتا اس میں طلبا کی محنت و مشقت کا کافی کچھ دخل ہوتاہے ۔ دراصل انہی طلبا کی کٹھن محنت کا نتیجہ ہے۔ میری 20سالہ سرویس میں15-16سال سے ہمارے بچے کھیل کے میدان میں نیشنل لیول پر مقابلہ کرتے رہے ہیں۔
کائی کنی گرام پنچایت حدود کےگڑی منڈکی سرکاری اسکول کےاستاد ایشور ہیگڈے نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتےہوئےکہاکہ بحیثیت کنڑا ٹیچر میں نے بچوں کی زبان بنانے میں کافی محنت کی ہے۔ طلبا بھی اتنے ہی شوق وذوق کے ساتھ میری کلاس میں حاضری دیتے تھے اسی کا نتیجہ ہے کہ مجھے آج ضلعی سطح کے ایوارڈ سے نوازاگیا ہے۔ اسی طرح کئی پروگراموں کی نظامت کی ہے۔
تودلی سرکاری لوئر پرائمری اسکول کے ٹیچر مہیش تیرن مکی نے خوشی ومسرت کا اظہار کرتےہوئےکہاکہ 24برسوں سے تدریسی خدمات انجام دےرہاہوں۔ عوامی نمائندوں، افسروں اور والدین کےتعاون سے خستہ اور پرانی اسکول کے بجائے طلبا کے لئے نئے مقام پر نئی اسکول کی تعمیر اور بنیادی سہولیات فراہم کیا ہوں۔ اسی طرح کی خدمات کے عوض مجھے بہترین استاد کے ایوارڈ سےنوازاگیا ہے۔